چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر ژینگ ژو میں ژینگ ژو شن ژینگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان کے متاثرین سیلاب کے لئے چینی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ امدادی سامان طیارے میں رکھا جا رہاہے-(شِنہوا)
اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق چین کی حکومت کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لئے عطیہ کردہ سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق چینی امداد سے لدے 2 طیارے، جن میں 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل شامل تھے، راولپنڈی میں اترے، یہ امدادمشکل گھڑی میں چین کی پاکستان کے ساتھ دیرپا یکجہتی کی عکاس ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران امیر مقام نے چین کی حکومت اور عوام کا فوری تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ امداد سیلاب سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کے لئے بہت ریلیف کا باعث بنے گی۔
چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر ژینگ ژو میں ژینگ ژو شن ژینگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان کے متاثرین سیلاب کے لئے چینی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ امدادی سامان طیارے میں رکھا جا رہاہے-(شِنہوا)
انہوں نے کہا کہ اس سال جون سے پاکستان بھر میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور دیگر آفات آئی ہیں، جن کے نتیجے میں سینکڑوں جانوں کا نقصان اور بنیادی شہری سہولتوں، گھروں اور فصلوں کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے دی گئی امدادی اشیاء ریلیف کی کوششوں میں اہم کردار ادا کریں گی۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے کہا کہ چین کی دی گئی مدد اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ہم سب ایک ساتھ ہیں اور اچھے اور برے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہا کہ حکومت پاکستان کی قیادت اور معاشرے کے تمام طبقات کی حمایت سے آفت زدہ علاقوں کے لوگ سیلاب کے اثرات پر قابو پانے اور اپنے گھر دوبارہ تعمیر کرنے کے قابل ہوں گے۔
