بیجنگ: چین کے نائب وزیر برائے آبی وسائل وانگ باؤ این نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب پر قابو پانے کے حوالے سے ایک پیچیدہ اور مشکل صورتحال کا سامنا ہے، اور یہ کہ شدید بارشوں سے اب بھی مختلف علاقوں میں آفات کے خطرات لاحق ہیں۔
وانگ نے پیر کو ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وسط جولائی سے اگست کے وسط تک سیلاب پر قابو پانے کا اہم دورانیہ ختم ہونے کے باوجود ملک میں سیلابی موسم کا خطرہ برقرار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال، دریائے وسولی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے جو حفاظتی سطح سے تجاوز کر رہا ہے، شدید بارشوں کی وجہ سے ثانوی آفات کے خطرات بدستور موجود ہیں، اورسمندری طوفان کے اثرات اب بھی برقرار ہیں۔
وزارت ہنگامی آفات کی جانب سے پیر کو جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوانگ ڈونگ کے مشرقی ساحل اور جنوب مغربی لیاؤننگ میں پیر سے منگل تک شدید بارشوں کا امکان ہے اور یہ کہ دونوں صوبوں کے لیے ہنگامی ردعمل کو فعال کر دیا گیا ہے۔
