افغانستان کے صوبے کنڑ کے ضلع سوکی میں افغان شہری متاثرین زلزلہ کے لئے امدادی سامان منتقل کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لئے 5 کروڑ یوآن (تقریباً 70 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر) کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گا۔
چین کےادارہ برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کے ترجمان لی منگ نے کہا کہ افغان حکومت کی درخواست پر چین ان علاقوں میں خیمے، کمبل اور خوراک جیسی فوری ضرورت کی اشیاء فراہم کرے گا۔
افغان ہلال احمر سوسائٹی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 31 اگست کو افغانستان کے مشرقی حصے میں 6 درجے شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں2 ہزار 205 افراد جاں بحق اور3 ہزار 640 افراد زخمی ہوئے۔
ادارے کے مطابق امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ متعدد افراد تاحال منہدم گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
