اسلام آباد : سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنا چاہتی ہے تو کرلے یہیں ہوں، ہمیشہ آڈیو لیک کیخلاف رہا، میری پرائیویٹ گفتگو سننے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ لوگ مجھ پر آرٹیکل 6 لگانا چاہیں تو کوشش کرلیں اور اپنی خوشی بھی پوری کر لیں، یہ 1500 کیسز چلا چکے مزید بھی کیس بنا دیں۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے میرا ا نام لے کر کہا 90 دن میں الیکشن تاریخ نہیں دے سکا، میں نے ان کے بارے میں بہت کہاانہیں اس کی بھی اہمیت ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مجھ پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنا چاہتے تو میں زندہ اوراس ملک میں ہوں،یہیں رہوں گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیشہ آڈیو لیک کے خلاف رہا ہوں، میری پرائیویٹ گفتگو کسی کو سننے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی انشاء اللہ جلد باہر ہوں گے۔
