اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے دریائے ستلج سے متاثرہ صوبہ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور نگرانی تیز کی جائے، متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
