ممبئی: بھارت کے مقبول ریئلٹی شو بگ باس 19 کا آغاز ہوگیا ہے ، سلمان خان شو کو 15 ہفتوں تک ہوسٹ کریں گے، جس کے بعد دیگر مہمان میزبان ذمے داری سنبھالیں گے۔ انیل کپور اور فرح خان جیسے ناموں کا بھی چرچا ہے۔
شو کے میزبان سلمان خان نے گزشتہ روزبگ باس 19 کا آغاز ایک سیاسی تھیم والے شو کے ساتھ کیا۔اس سال کی تھیم گھر والوں کی سرکار ہے، جس کے تحت شرکا کو فیصلے کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔
بگ باس نے اس سال اعلان کیا ہے کہ وہ کم سے کم مداخلت کریں گے اور زیادہ تر اختیارات گھر والوں کو دیے جائیں گے۔ کانسیپٹ کے مطابق شرکا کو فیصلے کرنے کا اختیار ہوگا جبکہ ووٹنگ کا حق ناظرین کے پاس رہے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بگ باس کا کوئی سیزن پہلے او ٹی ٹی پر نشر کیا جارہا ہے اور اس کے بعد ٹی وی پر پیش کیا جائے گا، یوں 18 سالہ روایت ٹوٹ گئی ہے جس میں یہ شو ہمیشہ سب سے پہلے ٹی وی پر آتا رہا۔
گھر کے مہمانوں میں اداکارہ اشنور کور، ذیشان قادری، تانیا متل، نغمہ میراجکر، آویز دربار، نیہال چداسما، بصیر علی بوب، ابھیشیک بجاج، گورو کھنہ، پولینڈ سے تعلق رکھنے والی نتالیا اینجل، اسٹینڈ اپ کامیڈین پرنیت مورے، فرحانہ بھٹ، نیلم گری، کونیکا سدآنند، مریدل اور گلوکار امل ملک شامل ہیں۔
اس سیزن میں دو شرکا کے نام پہلے ہی ظاہر کردیے گئے تھے جس میں سے کسی ایک کو عوام کی ووٹنگ سے گھر میں داخل ہونا تھا۔ اس مقابلے میں یوٹیوبر مریدل اور اداکارہ شہناز گل کے بھائی شہباز کا نام شامل تھا۔ جنتا کی چوائس میں شہباز گل کو قابل ذکر ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ گھر میں داخل نہ ہوسکے۔
