پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا اسپیل آج سے شروع ہونے کی پیشگوئی کردی۔ شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے اضافے بارے الرٹ جاری کردیا گیا۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 22 سے 26 اگست تک صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور طغیانی کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے مقامی ندی نالوں، برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل کل سے شروع ہوگا، پی ڈی ایم اے پنجاب نے شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے اضافے بارے الرٹ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق 23 سے27 اگست تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں پانی کےبہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبےکےبالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
راولپنڈی،مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباداوروزیرآباد میں بھی بارشیں متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اورملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا۔
