نیویارک: رواں برس کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 145 واں ایڈیشن 24 اگست سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے، میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔
عالمی ٹینس کے سب سے بڑے اور مقبول گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں شمار ہونے والے سال کے چوتھے اور آخری میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2025 کے لیے انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کی منتظم تنظیم کے مطابق رواں سال مجموعی انعامی رقم 90 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ ٹورنامنٹ کے مرد و خواتین سنگلز چیمپیئنز کو اس مرتبہ 50 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 38.89 فیصد اضافہ کے ساتھ ہے۔
اسی طرح فائنل میں شکست کھانے والے کھلاڑی بھی مایوس نہیں ہوں گے کیونکہ رنر اپ کو 2,500,000 ڈالر انعام ملیں گے،یہ رقم بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریبا 39 فیصد زیادہ ہے۔ اٹلی کے بین لاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون جینک سنر نے گزشتہ یوایس اوپن مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، یوں وہ میگا ایونٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دفاعی چیمپئن ہیں۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون آرینا سبالینکا اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی ۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں میکس پورسل اور ان کے ہم وطن جوڑی دار اردن تھامسن پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے کوشاں ہوگی۔
ویمنز ڈبلز مقابلوں میں یوکرین کی ٹینس کھلاڑی لیوڈمیلا کیچینوک اور ان کی لٹویا کی جوڑی دار جیینا اوسٹاپینکو اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں اٹلی کی ٹینس کھلاڑی سارہ ایرانی اور ان کی ہم وطن جوڑی اینڈریا واواسوری پر مشتمل اٹلی کی جوڑی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ۔ میگا ایونٹ 7 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
