چین کے صدر شی جن پھنگ بیجنگ کے عظیم عوامی ہال کے باہر برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں شریک ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر گلوبل ساؤتھ (عالمی جنوب)کے بڑے ممالک میں اتحاد اور خود انحصاری کی مثال قائم کرنے، ایک زیادہ منصفانہ دنیا اور زیادہ پائیدار کرہ ارض کی تعمیر کے لئے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین-برازیل تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر اور ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی خوش اسلوبی سے آگے بڑھتے ہوئے مسلسل ترقی کر رہی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چینی فریق برازیل کے ساتھ مل کر مواقع سے فائدہ اٹھانے، ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین برازیلی عوام کی اپنی قومی خودمختاری کے دفاع میں ان کے ساتھ ہے اور برازیل کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ مفادات اور تحفظ پسندی کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔
شی نے نشاندہی کی کہ برکس نظام گلوبل ساؤتھ میں اتفاق رائے قائم کرنے کے لئے ایک کلیدی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نےحالیہ برکس سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی پر برازیل کو مبارکباد دی۔
برازیلین صدر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ برازیل چین کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ برازیل چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے، تزویراتی ہم آہنگی کو گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید ترقی دینے کا خواہاں ہے۔
لولا ڈی سلوا نے شی جن پھنگ کو امریکہ کے ساتھ برازیل کے حالیہ تعلقات اور برازیل کی اپنی خودمختاری کے تحفظ کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔
لولا نے کثیرجہتی تعاون کے فروغ اور آزاد تجارتی قوانین کے تحفظ کے لئے چین کی کوششوں اور بین الاقوامی امور میں اس کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔
