چین کے شمال مشرقی ٹائیگر اینڈ لیپرڈ قومی پارک کا ایک دلکش نظارہ۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت قدرتی وسائل نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنے پہلے 5 قومی پارکوں کے ملکیتی حقوق کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے،جو ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ان 5 قومی پارکوں میں سان جیانگ یوآن نیشنل پارک، بڑاپانڈا قومی پارک، چین کا شمال مشرقی ٹائیگر اینڈ لیپرڈ نیشنل پارک، ہائی نان ٹراپیکل رین فاریسٹ نیشنل پارک اور وویی شان نیشنل پارک شامل ہیں۔ قانونی رجسٹریشن کے ذریعے اب ان کے مختلف قدرتی وسائل کے اثاثوں کی ملکیت باقاعدہ طور پر تسلیم کر لی گئی ہے۔
یہ رجسٹریشن مختلف سطح پر حکومت کے اختیارات کی حدود کو واضح کرتی ہے۔ قدرتی وسائل کی ملکیت، نگرانی اور ذمہ داریوں کو واضح کرتی ہے اور قومی پارکوں کے ملکیتی حقوق کے انتظام کو مضبوط بناتی ہے۔
قومی پارک چین کے قدرتی ماحولیاتی نظام کے سب سے اہم حصوں پر مشتمل ہوتے ہیں جن کی شناخت منفرد قدرتی مناظر، غیر معمولی قدرتی ورثے اور لازوال حیاتیاتی تنوع سے ہوتی ہے۔
یہ 5 پارک جو 2021 میں چین کے پہلے قومی پارکس کے طور پر قائم کئے گئے، تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار مربع کلومیٹر کے محفوظ زمینی رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں اور یہ چین کی سرزمین پر پائی جانے والی کلیدی جنگلی حیات کی تقریباً 30 فیصد اقسام کا مسکن ہیں۔
