چین، بیجنگ میں منعقدہ ایک نمائش میں اے ایس 700 ہوائی جہاز کا ایک ماڈل دیکھا جاسکتا ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنہ (اے وی آئی سی) نے اعلان کیا ہے کہ چینی ساختہ اے ایس 700 ڈی الیکٹرک انسان بردار ہوائی جہاز نے جمعہ کے روز پہلی کامیاب پرواز مکمل کی، یہ کم بلندی معیشت کے شعبے میں ماحول دوست ہوا بازی کے سازوسامان میں ملک کی ایک بڑی پیشرفت ہے۔
اے وی آئی سی کے مطابق اس سنگ میل نے چین کے مقامی طور پر تیار کردہ اے ایس 700 ڈی کی تکنیکی پختگی اور اصولوں کی تصدیق کی جس سے الیکٹرک ہوائی جہازوں کی ترقی کے لئے تکنیکی مواقع فراہم ہوئے۔
اے ایس 700 ڈی نے جمعہ کی صبح چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر جنگ مین میں پہلی پرواز کی تھی۔
اس نے عمودی اڑان بھری اور پھر تیزی سے 50 میٹر کی بلندی تک گیا۔ تھوڑی دیر فضا میں گھومنے کے بعد یہ عمودی طور پر اترا اور پھر دھیرے دھیرے رک گیا۔
اے ایس 700 ڈی کی پہلی پرواز کے پائلٹ لین ہانگ کا کہنا ہے کہ الیکٹرک ہوائی جہاز کی پرواز ہلکی اور ہموار تھی، یہ بالکل نئی توانائی والی کاریں چلانے کے مانند تھی، یہ خاموشی سے کام کرتا ہے اور پائلٹ اور سواری دونوں کے لئے زیادہ آرام دہ ہے۔
اے وی آئی سی کے ذیلی ادارے اسپیشل وہیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا تیار کردہ اے ایس 700 ڈی ایک نئی قسم کا آل الیکٹرک ہوائی جہاز ہے، اس میں اے ایس 700 انسانی بردار ہوائی جہاز پر مبنی ایک جامع الیکٹریفیکیشن اپ گریڈ موجود ہے جو ایوی ایشن گیسولین کو ایندھن کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
یہ ایروانجن اور ایندھن کے نظام کو تبدیل کرنے کے لئے جدید لیتھیم بیٹری الیکٹرک ڈرائیو سسٹم ، پروپلر سسٹم ، تھرسٹ ویکٹر کنٹرول سسٹم اور کولنگ سسٹم کو استعمال کرتا ہے۔
