مصر کے شہر العالمین میں مہمان چینی کارساز کمپنی سو ایسٹ کی نئی ماڈل کی گاڑیاں دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)چینی کارساز برانڈ سو ایسٹ نے مصر میں اپنے 4 نئے ماڈلز متعارف کروائے جو افریقی منڈی میں ایک بڑی توسیع کی علامت ہے۔
اس سلسلے میں مصر کے شمالی شہر العالمین میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں 4 نئے ماڈلز پیش کئے گئے، جو ایس یو وی مارکیٹ کے تقریباً تمام شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ان ماڈلز میں فلیگ شپ سمارٹ لگژری ایس یو وی-ایس 09، اربن انٹیلی جنٹ سی- سیگمنٹ ایس یو وی-ایس 07، اربن فیشن ایبل سی-سیگمنٹ ایس یو وی-ایس06 اور کمپیکٹ اربن ایس یو وی -ایس 05 شامل ہیں۔
سو ایسٹ انٹرنیشنل کے معاون صدر یوآن آنگوو نے کہا کہ یہ گاڑیاں ڈرائیوروں کی مختلف ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں جو انداز، آرام اور جدید ٹیکنالوجی کا بہترین امتزاج ہیں۔
یوآن نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ سو ایسٹ کا مقصد ہے کہ دنیا بھر کے نوجوانوں کے لئے شہری نقل و حرکت کو آسان بنایا جائے۔ انہوں نے مصری منڈی پر کمپنی کے بھرپور اعتماد پر زور دیا۔
یوآن نے بتایا کہ سو ایسٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ 2025 تک مصر میں 15 شو رومز اور 5 سروس مراکز قائم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2026 اور 2027 کے درمیان 2 نئی گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی، جو پرزہ جات کی صورت میں لا کر مصر میں ہی جوڑی جائیں گی۔ جنہیں سی کے ڈی ماڈل کہا جاتا ہے۔
کارساز کمپنی اس وقت 30 سے زیادہ ممالک اور علاقوں میں کام کر رہی ہے اور دنیا بھر میں اس کے 140 سے زیادہ شو رومز اور سروس مراکز قائم ہو چکے ہیں۔
