چینی صدر شی جن پھنگ چین کے شمالی صوبے شنشی کے شہر یانگ چھوان کے دورے پر جاپانی جارحیت کے خلاف مزاحمتی جنگ میں "ہنڈرڈ- رجمنٹ مہم” کے شہداء کی یاد میں قائم یادگار چوک میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھول رکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
تائی یوآن(شِنہوا)کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے نوجوان طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ قوم کی ریڑھ کی ہڈی بننے، ایک مضبوط ملک کی تعمیر کرنے اور عالمی امن میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔
شی نے یہ بات چین کے شمالی صوبے شنشی کے شہر یانگ چھوان میں ہنڈرڈ رجمنٹ مہم کی یادگار ہال کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے طلبہ اور عملے کے ساتھ پرجوش گفتگو کی۔
شی نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ امید آپ پر منحصر ہے اور مستقبل آپ کا ہے۔ انہوں نے نوجوان طلبہ پر زور دیا کہ وہ سخت محنت کریں، آگے بڑھیں اور اپنی چینی شناخت پر فخر کریں۔
ہنڈرڈ رجمنٹ مہم چین کے شمالی علاقے میں اگست 1940 سے جنوری 1941 کے دوران لڑی گئی، جو جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ کا ایک اہم حصہ تھی۔
اپنے دورے میں شی نے اس مہم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھولوں کی ٹوکری رکھی۔
شی نے کہا کہ ان کا دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ 7 جولائی کے واقعے جسے لوگو پل کا واقعہ بھی کہا جاتا ہے کی سالگرہ کے موقع پر ہواہے۔ یہ واقعہ 1937 میں پیش آیا تھا اور یہ جاپانی جارحیت کے خلاف چین کی قومی مزاحمت کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
شی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ قومی مزاحمت کا ستون تھی اور ہنڈرڈ رجمنٹ مہم نے دنیا کو جاپانی جارحیت کے خلاف جنگ میں پارٹی اور چینی عوام کے پختہ ارادےاور عزم کو دکھایا۔
شی نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے اس 14 سالہ طویل اور کٹھن مزاحمتی جنگ کے دوران بے پناہ قربانیاں دیں۔ اگر ماضی کو فراموش نہ کیا جائے تو وہ مستقبل کے لئے مشعل راہ کا کام دے سکتا ہے۔
