فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنا چاہئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سنٹرل میٹ کی اختتامی تقریب جہلم میں منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نشانہ بازی مقابلے میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور صوبائی ٹیموں نے شرکت کی، 45ویں پی اے آر اے سنٹرل میٹ میں 2ہزار سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق پاک آرمی نے تمام چار انٹر سروسز میچز جیت کر تیسری انٹر سروسز کمبیٹ شوٹنگ چمپئن شپ 2025میں کامیابی حاصل کی، پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ ون میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب رجمنٹ کے سپاہی محمد عرفان ماسٹر ایٹ آرمز قرار پائے، آرمی مارکس مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے آرمی ہنڈرڈ رائفل میچ ٹرافی جیتی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکا کی بہترین نشانہ بازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنا چاہئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دورے کے موقع پر آرمی چیف نے ملٹری کالج جہلم کی 100سالہ تقریبات میں بھی شرکت کی اور صد سالہ یادگار، کالج میوزیم کا افتتاح کیا۔
آرمی چیف نے کالج کی ایک صدی پر محیط شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملٹری کالج جہلم نے قیادت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کو فروغ دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔




