چینی وزیر خارجہ وانگ یی جرمنی کے دارالحکومت برلن میں اپنے جرمن ہم منصب جوہن واڈفول کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں- (شِنہوا)
برلن(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ نایاب معدنیات کی برآمدات کبھی بھی چین اور یورپ کے درمیان مسئلہ نہیں رہی ہیں اور نہ ہی انہیں ایسا مسئلہ بننا چاہیے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات برلن میں اپنے جرمن ہم منصب جوہن واڈفول کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
نایاب ارضیاتی عناصر کی چینی برآمدات پر کنٹرول کے متعلق یورپی کمپنیوں کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے وانگ یی نے زور دیا کہ یہ ہر ملک کا خودمختار حق اور بین الاقوامی ذمہ داری ہے کہ وہ دوہرے استعمال کی اشیاء، یعنی وہ سامان جو شہری اور عسکری دونوں مقاصد کے لئے استعمال ہو سکتا ہے، پر ضروری ضوابط عائد کرے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین کی پالیسی بین الاقوامی روایات کے مطابق ہے اور یہ عالمی امن و استحکام کے تحفظ میں مدد دیتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدی ضوابط کی پابندی اور مناسب طریقہ کار مکمل کئے جانے تک یورپی کمپنیوں کی معمول کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔
وانگ یی نے یہ بھی بتایا کہ چینی حکام نے یورپی کمپنیوں کے لئے برآمدات کو آسان بنانے کی خاطر ایک "فاسٹ ٹریک” نظام بھی قائم کیا ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بعض قوتیں اس معاملے کو چین اور یورپ کے درمیان جان بوجھ کر غیر ضروری طور پر ہوا دے رہی ہیں جن کے پیچھے پوشیدہ مقاصد ہیں۔
