چین کے مشرقی صوبے آنہوئی کے شہر ہیفے میں ڈیپ سپیس ایکسپلوریشن لیبارٹری کا منظر-(شِنہوا)
ہیفے(شِنہوا)چین اگلے پیر کو انٹرنیشنل ڈیپ سپیس ایکسپلوریشن ایسوسی ایشن (آئی ڈی ایس ای اے) کا باقاعدہ آغاز کرے گا جس کا خاص مقصد ترقی پذیر ممالک کو ڈیپ سپیس ٹیکنالوجیز کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
آنہوئی صوبے کے شہر ہیفے میں قائم ایسوسی ایشن خلائی شعبے میں چین کی پہلی بین الاقوامی علمی تنظیم ہوگی جو چاند اور مریخ سے متعلق چین کے مشنوں میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی سے فائدہ اٹھائے گی۔
ایسوسی ایشن کے 5 بانیان میں سے ایک ہیفے میں قائم ڈیپ سپیس ایکسپلوریشن لیبارٹری کے مطابق آئی ڈی ایس ای اے بعید کی خلائی تحقیق پر توجہ مرکوز کرے گی جس میں چاند اور دیگر سیاروں اور سیارچوں کی کھوج اور بین الاقوامی تعاون کا فروغ شامل ہے۔
لیبارٹری کے بین الاقوامی تعاون مرکز کے ڈائریکٹر وانگ ژونگ مِن نے کہا کہ آئی ڈی ایس ای اے کا مقصد ایسا شمولیتی علمی پلیٹ فارم بنانا ہے جو خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو فائدہ پہنچائے۔
خلا میں تحقیق کے میدان میں دیر سے آنے کے باوجود چین نے تیزی سے اس شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اپریل میں چین نے اعلان کیا کہ 6 ممالک فرانس، جرمنی، جاپان، پاکستان، برطانیہ اور امریکہ کے 7 اداروں کو چین کے چھانگ ای-5 مشن سے حاصل کردہ قمری نمونے سائنسی تحقیق کے لئے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
