شین ژو-20 کے خلا نورد چھن ڈونگ(بائیں) اور چھن ژونگ روئی چین کے مدار میں موجود خلائی سٹیشن سے باہر سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے مدار میں موجود خلائی سٹیشن پر موجود شین ژو-20 کے خلا بازوں نے خلائی سٹیشن سے باہر سرگرمیوں کے اپنے مشن کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے(سی ایم ایس اے) کے مطابق چھن ڈونگ، چھن ژونگ روئی اور وانگ جے پر مشتمل 3 خلا نوردوں نے تقریباً 6.5 گھنٹے تک کام کیا اور رات 9 بج کر 29 منٹ(بیجنگ وقت) پر اپنا کام مکمل کیا۔ انہیں خلائی سٹیشن کے روبوٹک بازو اور زمین پر موجود ٹیم کی مدد حاصل تھی۔
سی ایم ایس اے کے مطابق خلائی چہل قدمی پر مامور چھن ڈونگ اور چھن ژونگ روئی نے خلائی چہل قدمی کے دوران ملبے سے تحفظ کا آلہ نصب کیا اور بیرونی آلات کا معائنہ اور مرمت کی۔
انہوں نے خلائی سٹیشن سے باہر کے پلیٹ فارم پر فٹ ریسٹرینٹ ایڈاپٹرز اور انٹرفیس ایڈاپٹرز بھی نصب کئے، جو خلائی سٹیشن سے باہر کی سرگرمیوں کے دوران خلا بازوں کی معاونت کریں گے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں آئندہ خلائی چہل قدمیوں کے دورانیے میں تقریباً 40 منٹ کی کمی متوقع ہے۔
اس وقت خلانورد خلا میں مختلف سائنسی تجربات پر مستحکم پیش رفت کر رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں وہ خلائی حیاتیات، مائیکرو گریوٹی بنیادی طبیعات، خلائی مواد کی سائنس، خلائی طب اور جدید ایئروسپیس ٹیکنالوجیز جیسے اہم شعبوں میں تحقیق اور تکنیکی تجربات پر توجہ مرکوز کریں گے۔
