چین کے شمالی اندرونی منگولیا خودمختار علاقے کے شہر ہولون بوئر میں واقع یی مِن کھلی کان میں چائنہ ہوانینگ گروپ کمپنی لمیٹڈ کے زیر انتظام خودمختار الیکٹرک مائننگ ٹرکوں سے کام لیا جارہاہے-(شِنہوا)
ہوہوت(شِنہوا)چین کے شمالی اندرونی منگولیا خودمختار علاقے میں ایک کھلی کان میں 100 خودمختار الیکٹرک مائننگ ٹرکوں کا بیڑا کام میں مصروف کردیا گیا ہے، جو عالمی سطح پر ان گاڑیوں کے سب سے بڑے پیمانے پر استعمال کو ظاہر کرتا ہے۔
فائیوجی جدید نیٹ ورک سے چلنے والے یی مِن کان میں زیر استعمال ہوانینگ روئی چھی ٹرک چین کی جانب سے کوئلے کی کان کنی کو ایک ذہین اور ماحول دوست صنعت میں تبدیل کرنے کا تازہ ترین اقدام ہے۔
کان کو چلانے والی کمپنی چائنہ ہوانینگ گروپ کمپنی لمیٹڈ (چائنہ ہوانینگ) نے بتایا کہ یہ گاڑیاں صنعت میں سب سے آگے ہیں، ان گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، ہر ٹرک 90 ٹن تک سامان لے جا سکتا ہے اور منفی 40 ڈگری کی شدید سردی میں مسلسل کام کرسکتا ہے۔
ہولون بوئر شہر میں واقع اس کوئلے کی کان میں 100 ٹرک جو چائنہ ہوا نینگ، ہواوے، شوژو کنسٹرکشن مشینری گروپ کمپنی لمیٹڈ اور متعدد اداروں کے اشتراک سے تیار کئے گئے ہیں، بغیر رکے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔
کان کے ذہین تعمیراتی دفتر کے نائب ڈائریکٹر لیو چھیانگ نے کہا کہ مکمل الیکٹرک مائننگ ٹرک سے سردیوں میں، جب مقامی درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سے نیچے گر سکتا ہے، کان کنی کو زیادہ محفوظ، ماحول دوست اور موثر بنانے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ ہر مائننگ ٹرک میں 564 کلو واٹ آور لیتھیئم آئرن فاسفیٹ بیٹری پیک نصب ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک بیٹری کی تبدیلی میں چھ منٹ سے بھی کم وقت لگتا ہے۔
کان کے منیجر شو ینگ چھیو نے کہا کہ فوسل فیول گاڑیوں کو اس الیکٹرک بیڑے سے بدلنے سے سالانہ 15ہزار ٹن ڈیزل کی کھپت اور 48ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی، جو 26لاکھ دیودارکے درخت لگانے کے برابر ہے۔
چائنہ ہوا نینگ کا یی مِن کان میں بغیر ڈرائیور مائننگ ٹرکوں کی تعداد بتدریج 300 سے 500 تک بڑھانے اور چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے جیسے دیگر کان کنی کے علاقوں میں بھی شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
