پاکستان کی مسلح افواج کی حالیہ کامیابی اور دشمن پر شاندار فتح کے بعد "یومِ تشکر” کے عنوان سے پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کی سیاسی، عسکری اور عوامی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف مہمان خصوصی تھے، تقریب میں شریک وزرا، اعلیٰ حکام اور عوامی شخصیات نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل سمیت غیر ملکی سفارتکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس بھی موجود تھےمعروف کرکٹرز شاہد آفریدی، شعیب اختر اور عمر گل کی موجودگی نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ شہداء، غازیوں اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے عزم اور ولولے کو سلام پیش کیا۔ "اے راہِ حق کے شہیدوں” جیسے ملی نغمے سائرہ نسیم، ساحر علی بگا اور شبنم مجید نے پیش کیے، جنہوں نے تقریب کا سماں باندھ دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فون پر اطلاع دی کہ بھارت نے میزائل حملہ کیا ہےمیں نے دشمن کو بھرپور تھپڑ مارنے کی اجازت دی اور کہا کہ سیزفائر اسی وقت قبول ہوگی جب ہم اپنی طاقت کا مظاہرہ مکمل کر لیں۔
شہباز شریف کا یوم تشکر کے موقع پر اپنے خطاب میں کہنا تھاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بعد میں دوبارہ فون کر کے بتایا کہ افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دے دیا ہے اور اب سیزفائر کی درخواست بھارت کی طرف سے آ رہی ہےہم نے دشمن کو ایسا تھپڑ مارا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
وزیراعظم نے قوم کو بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے رافیل، مگ اور ڈرونز کو نشانہ بنایا اور اس کے چھ جنگی جہاز مار گرائےدشمن جو خود کو جنوبی ایشیا کا تھانے دار سمجھتا تھا، ہم نے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔10 مئی وہ دن تھا جب کروڑوں پاکستانی افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگ رہے تھے۔ یہ دن صدیوں بعد نصیب ہوتا ہے اور یہ ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 1971 کا زخم آج مندمل ہوا ہے اور قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک نیا باب رقم کیا ہے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کووہ مقام عطا کیا ہے کوئی طاقت ہماراراستہ نہیں روک سکتی، آج پوری قوم یک جان دوقالب ہے،قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، قوم پوری قوت کےساتھ مسلح افواج کا ساتھ دے رہی ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ وقت آگیا ہےکہ اس سفر کا آغاز کریں جس کیلئے پاکستان بنا تھا،10مئی جس طرح ہوا ہے، معاشی میدان میں بھی10مئی لاناہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا، ہمیں اب آگے بڑھنے کیلئے دن رات محنت کرناہوگی۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدرنے امن کیلئے اہم کردار ادا کیا، امریکی صدرنےکشیدگی میں کمی کیلئے اہم کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کیلئےصدرٹرمپ کےاہم کردارکامعترف ہوں، آرمی چیف کی قیادت کواپنی اورقوم کی طرف سےسلام پیش کرتاہوں۔
