اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایچ نائن سستے بازار میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، آتشزدگی سے 500 دکانیں جل کر خاکستر ہونے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا ، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ،ریسکیو حکام، پاکستان نیوی، ایئرفورس ودیگر امدادی اداروں کی 31گاڑیوں نے حصہ لیا، وفاقی وزیر داخلہ نے آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح 7بج کر 11 منٹ پر وفاقی دارالحکومت کے ایچ نائن سستے بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 500 سے زائد سٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ریسکیو 1122حکام موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے پر پاکستان نیوی اور ایئر فورس کی گاڑیاں بھی طلب کرلی گئیں،ریسکیو حکام نے آگ بڑھنے سے روکنے کیلئے متعدد سٹالز خالی کرا لئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص اور اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے عمل کی نگرانی شروع کردی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بازار میں لگنے والی آگ کی شدت زیادہ تھی جس پر سی ڈی اے ، پاکستان نیوی، ایئر فورس، ریسکیو حکام اور دیگر امدادی اداروں کی گاڑیاں طلب کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ آگ جوتوں اور کپڑوں کے سیکشن میں لگی، جس نے مزید دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حادثے کانوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاواکو حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب تاجروں نے کہا ہے کہ ہمارا کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے روزگار کا دارومدار اسی پر تھا ،حکام نقصان کا ازالہ کریں تاکہ باعزت طریقے سے اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں۔