یروشلم کے ماؤنٹ ہرزل میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
یروشلم (شِنہوا) اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج حماس کو شکست دینے کے لئے آمدہ دنوں میں پوری طاقت سے غزہ میں داخل ہوگی۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق زخمی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے مکمل فتح پر زور دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ حماس کا خاتمہ اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے مقاصد ساتھ ساتھ ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ آپ کے جذبے کے ساتھ ہم مکمل فتح حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ حماس کا خاتمہ اور ہمارے تمام یرغمالیوں کی رہائی ایک ساتھ ہوگی۔
وزیر اعظم نے جنگ روکنے کی تجویز کو مسترد کردیا، چاہے حماس مزید قیدیوں کو رہا کرنے کی پیشکش کرے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ حماس یہ کہہ سکتی ہے کہ ہم مزید 10 یرغمالی رہا کرنا چاہتے ہیں۔ ٹھیک ہے، انہیں لے آؤ ہم انہیں لے جائیں گے تاہم جنگ نہیں رکے گی ۔ ہم ایک مخصوص مدت تک جنگ بندی کر سکتے ہیں تاہم اب ہم اختتام کی سمت بڑھ رہے ہیں۔
نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے رہائشیوں کی بے دخلی کو آسان بنانے کے لئے ایک انتظامی لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے تاہم اس کی کامیابی کا انحصار تیسرے ممالک پر منحصر ہے کہ وہ انہیں رکھنے پر آمادہ ہوں، ہم اس وقت اسی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔
بیان میں نیتن یاہو کا حوالہ دیتے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں موقع دیا گیا تو 50 فیصد سے زیادہ لوگ ملک چھوڑ کرچلے جائیں گے۔
