امریکی شہر واشنگٹن کے ریگن قومی ہوائی اڈے کے قریب ہنگامی امداد کی گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں-(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)واشنگٹن ڈی سی میں ریگن قومی ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر طیارے اور آرمی کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں تصادم کے بعد دریائے پوٹومیک سے 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
سی این این کا کہنا ہے کہ جس دریا میں طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا وہاں سے کوئی بھی شخص زندہ نہیں نکالا جاسکا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کو چلانے والی امریکن ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔ ایئر لائن نے طیارے میں سوار افراد کے عزیزوں کے ساتھ رابطے کےلئے ایک ہاٹ لائن قائم کی ہے۔
سی این این نے ایک امریکی دفاعی عہدیدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ بلیک ہاک پر 3 فوجی سوار تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں خوفناک حادثے کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ پینٹاگون صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مدد کے لئے تیار ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب پیش آیا جب ایک علاقائی طیارہ جو وچیٹا، کنساس سے روانہ ہوا تھا اور فوجی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک میں ٹکراؤ ہوا۔ ہوائی اڈے سے پروازوں کی تمام آمد ورفت روک دی گئی ہے۔
