امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی فائل فوٹو۔(شِنہوا)
واشنگٹن (شِنہوا) امریکی محکمہ دفاع نے آمدہ مہینوں میں 50 ہزار سے 60ہزار تک غیر عسکری ملازمتوں کو ختم کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا ہے جس میں برطرفیاں، استعفے اور بھرتی پر پابندی شامل ہے۔
اے بی سی نیوز نے ایک سینئر دفاعی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیٹ کا مقصد تقریباً 9لاکھ غیر عسکری افرادی قوت میں سے 5 سے 8 فیصد تک کمی کرنا ہے، وہ ہر ماہ تقریباً 6 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا ادارہ رکھتے ہیں جن میں ملازمین کے فارغ ہونے پر ان کی جگہ نئی بھرتی نہیں کی جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون اس کمی کے لئے 3 طریقہ کار استعمال کررہا ہے جس میں رضاکارانہ استعفے، آزمائشی ملازمین کی برطرفی اور معمول کی چھٹیوں پر جانے والے ملازمین کی جگہ کام کرنے والوں کو فارغ کرنا شامل ہے۔
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے وفاقی افرادی قوت میں کمی کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی افرادی قوت میں زیادہ تر کمی اب تک رضاکارانہ ہے، تاہم محکمہ نے گزشتہ ماہ تقریباً 5 ہزار400آزمائشی ملازمین کو فارغ کرنے کی کوشش کی تھی جو قانونی مسائل کی وجہ سے روک دی گئی۔
ہیگ سیٹ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اس کمی سے فوجی تیاریاں متاثر نہیں ہوں گی۔
