چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کی کاؤنٹی کونگ جیانگ کی شی شان ٹاؤن شپ میں ژونگ ژائی تدریسی مقام پر طالبات دوپہرکاکھانا کھارہی ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی قومی مقننہ میں غور کے لئے پیش کی جانے والی ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق ملک میں اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کی تعمیر کی کوششوں کے سلسلے میں مفت قبل ازسکول تعلیم کو مرحلہ وار انداز میں فروغ دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعلیم کو مضبوط بنانے کے لئے 3 سالہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ملک لازمی تعلیم کے اعلیٰ معیار اور متوازن ترقی کو فروغ دے گا اور سینئر سیکنڈری سکول کے مقامات کی فراہمی میں اضافہ کرے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین پیشہ ورانہ اور عام تعلیم کی مربوط ترقی کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور سکولوں کے مابین تعاون کو آگے بڑھائے گا تاکہ پیشہ ورانہ تعلیم کو زیادہ قابل قبول بنانے میں مدد مل سکے۔
رپورٹ کے مطابق چین اعلیٰ تعلیمی اداروں میں درجہ بندی کی بنیاد پر اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھے گا، معیاری انڈر گریجویٹ تعلیم کو وسعت دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گا اور عالمی معیار کی جامعات اور تعلیمی مضامین کی ترقی میں تیزی لائے گا۔
