چینی بحریہ کے ارکان برونائی کا دورہ خیر سگالی مکمل ہونے کے بعد فلپائن روانگی کے موقع پر برونائی کی مورا بندرگاہ پرالوداع کہنے والے لوگوں کو ہاتھ ہلا رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت قومی دفاع کے ایک ترجمان نے آسٹریلیا کے قریب پانیوں میں چین کی قانونی فوجی مشقوں سے متعلق آسٹریلیا کے بے بنیاد دعووں کی مذمت کی ہے۔
ترجمان وو چھیان نے یہ بیان اتوار کے روز اس وقت دیا جب میڈیا نے آسٹریلیا کی جانب سے تین چینی جنگی جہازوں کی حالیہ سرگرمیوں اور آسٹریلیا کے قریب سمندری علاقے میں لا ئیو فائر ڈرلز کی مشقوں کے بارے میں سوال کیا۔
وو نے کہا کہ”آسٹریلیا کے دعوے بالکل بے بنیاد ہیں”، اور یہ کہ چینی بحری مشقیں کھلے سمندر میں آسٹریلیا کے ساحل سے بہت دور ہوئی تھیں۔
وو کا مزید کہنا تھا کہ چین کی لائیو فائر مشقیں بار بار پیشگی طور پر جاری کئے جانے والے حفاظتی انتباہ کے ساتھ منعقد کی گئی تھیں۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے اقدامات مکمل طور پر عالمی قانون اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہیں اور اس سے ہوا بازی کی حفاظت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وو کا کہنا تھا کہ اس حقیقت سے پوری طرح آگاہی کے باوجودآسٹریلیا نے غیر منصفانہ انداز میں چین پر تنقید کی ہے اور جان بوجھ کر اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہےجس پر ہم حیران اور سخت غیرمطمئن ہیں۔
