چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ سوئس کنفیڈریشن کی صدر اور وفاقی محکمہ مالیات کی سربراہ کیرن کیلرسٹر سے ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
برن(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے سوئس حکام سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے اپنی جدید تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ نے عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس 2025 کے موقع پر سوئس کنفیڈریشن کی صدر اور وفاقی مالیاتی محکمے کی سربراہ کیرن کیلر سٹر سے ملاقات کی جبکہ فیڈرل کونسل کے نائب صدر اور وفاقی محکمہ اقتصادی امور کے سربراہ گائی پارمیلن سے بھی بات چیت کی۔
چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے مغربی ممالک میں سے ایک ہے۔ دوطرفہ تعلقات نے مختلف معاشرتی نظاموں، ترقیاتی مراحل اور حجم والے ممالک کے مابین باہمی احترام اور مفید تعاون کی مثال پیش کی ہے۔
انہوں نے 2017 میں چینی صدر شی جن پھنگ کے سوئٹزرلینڈ کے سرکاری دورے کا ذکر کیا جس کے دوران دونوں فریقین نے اہم اتفاق رائے کا ایک سلسلہ شروع کیا جس سے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے۔
اس سال چین اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے۔ ڈنگ نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کریں۔
ڈنگ نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، درست باہمی تفہیم کو مستحکم کرکے مزید فروغ دینے اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرنے پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے مالیاتی رابطوں کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر سوئس کنفیڈریشن کی صدر کیرن کیلر سٹر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ چین کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے اور سوئٹزرلینڈ -چین ثقافت اور سیاحت کے سال کا جشن منانے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے تاکہ سوئٹزرلینڈ اور چین کی جدید تزویراتی شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر لے جایا جاسکے۔
فیڈرل کونسل کے نائب صدر اور وفاقی محکمہ اقتصادی امور کے سربراہ گائی پارمیلن نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور چین کے مکمل اقتصادی فوائد اور وسیع مشترکہ مفادات ہیں جو جدیدیت، مالیات، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کثیرجہتی امور پر چین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے اور عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک دوطرفہ دوستی کو بڑھانے کے لئے چین کے ساتھ عوامی تبادلوں کو مزید آسان بنانے کے لئے تیار ہے۔
