چینی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان چِھن بن ہوا بیجنگ میں پریس کانفرنس کررہے ہیں- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر نے لائی چنگ تے کی سربراہی میں تائیوان کے حکام کی آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف ذرائع ابلاغ کے تبادلوں میں دانستہ رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کی ہے۔
تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان چِھن بن ہوا نے یہ بات تائیوان کے حکام کی جانب سے فوجیان سے شائع ہونے والے ایک اخبار کی بندش اور اس کے مرکزی ادارے کو تائیوان میں صحافیوں کی تعیناتی سے روکنے کے اعلان کے بعد کہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لائی چنگ تے انتظامیہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے آبنائے کے دونوں جانب تبادلوں اور تعاون کو محدود یا روک رہی ہے۔ اب وہ مین لینڈ کے ذرائع ابلاغ کے ایک ادارے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔
ترجمان نے لائی انتظامیہ کے اس اقدام کو میڈیا تعاون میں "رجعت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20 سال سے زائد عرصے سے صحافیوں کی باہمی تعیناتی نے آبنائے کے دونوں جانب تفہیم میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور پرامن تعلقات میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے "آبنائے کے دونوں جانب تبادلوں اور تعاون کو دانستہ سبوتاژکرنا” قرار دیا اور لائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی سیاسی جوڑ توڑ بند کرے۔
