چین نے سیمی کنڈکٹر کی برآمد کی نگرانی کے حوالے سے حالیہ امریکی امریکی اقدامات کی شدید مخالفت کی ہے- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی کاروباری برادری نے امریکہ کی جانب سے سیمی کنڈکٹر کی برآمد کی نگرانی کے اقدامات کے غلط استعمال کی شدید مخالفت کی ہے۔
بین الاقوامی تجارت کے فروغ کی چینی کونسل(سی سی پی آئی ٹی) کے ترجمان نے امریکی اعلان سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ چین کی کاروباری برادری نے چینی کمپنیوں کے حوالے سے امریکہ کے طویل دائرہ اختیار کی سختی سے مخالفت کی ہے۔امریکہ نے رواں ہفتے کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ وہ سیمی کنڈکٹر تیار کرنے والے سازوسامان اور میموری چپس کی چین کو بر آمد پر سخت نگرانی عائد کرے گا۔امریکہ نے 136 کمپنیوں کو نگرانی فہرست میں بھی شامل کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا معاشی جبر، رکاوٹیں اور متعلقہ صنعتوں میں چینی کمپنیوں کو دبانا کاروباری اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی شدید خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بین الاقوامی معاشی اور تجارتی قوانین کو نظر انداز کیا اور یکطرفہ طور پر عالمی صنعتی و ترسیلی ذرائع کے استحکام اور تعاون پر مبنی نوعیت کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس طرح کے اقدامات کے بلاشبہ امریکی کمپنیوں سمیت عالمی سیمی کنڈکٹر صنعت پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر صنعت سمیت عالمی صنعتی اور ترسیلی ذرائع کی استعداد اور استحکام کا تحفظ عالمی معیشت کی ترقی کے لئے اہم ہےجو عالمی برادری اور دنیا بھر کی کمپنیوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
چین کی کاروباری برادری امریکہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی یکطرفہ نگرانی کے اقدامات ترک کرے اور بین الاقوامی معاشی و تجارتی قوانین کی پاسداری کرے۔
