چین ۔ روس قدرتی گیس پائپ لائن کی مشرقی راہداری کے یونگ چھنگ کمپریسر اسٹیشن کو دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں سب سے بڑی سنگل لائن گیس منتقلی کی صلاحیت کی حامل پائپ لائن چین-روس قدرتی گیس پائپ لائن کی مشرقی راہداری کو مکمل طور پر جوڑ دیا گیا ہے۔
پائپ لائن آپریٹر چائنہ آئل اینڈ گیس پائپ لائن نیٹ ورک کارپوریشن (پائپ چائنہ) کے مطابق پائپ لائن نے 38 ارب کیوبک میٹرز کی سالانہ ترسیل کر تے ہوئے حجم کی مکمل صلاحیت کا آپریشن بھی مکمل کرلیا ہے۔
یہ چین ۔ روس توانائی تعاون کا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ اس سرحد پار گیس پائپ لائن کا 3 ہزار کلومیٹر حصہ روس جبکہ 5 ہزار 111 کلومیٹر چین میں ہے۔
اس پائپ لائن کا چینی حصہ روسی سرحد سے متصل ملک کے شمال مشرقی شہر حئی حہ سے شروع ہوتا ہے اور سائبیریا سے قدرتی گیس کو جنوب کی طرف چین کے اقتصادی اور مالی مرکز شنگھائی تک پہنچاتا ہے۔
پائپ چائنہ نے کہا ہے کہ پائپ لائن کی مکمل راہداری کی تکمیل سے چین کے گنجان آبادی کے حامل مشرقی حصے میں قدرتی گیس کی فراہمی اور ہنگامی طور پر استعمال کی صلا حیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ یہ ملک کی مشرقی توانائی اسٹریٹجک راہداری کی تکمیل کی علامت بھی ہے۔
دسمبر 2019 میں چین میں شمالی حصے کے فعال ہونے کے بعد پائپ لائن کے ذریعے 80 ارب مکعب میٹر سے زیادہ قدرتی گیس منتقل کی گئی جس سے اس کے راستے پر تقریباً 45 کروڑ کی آبادی کو فائدہ ہوا۔
