قازقستان کے سیاح چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے میں چین۔قازقستان سرحد پر واقع ہورگوس بین الاقوامی سرحدی تعاون مرکز میں خریداری کے بعد آرام کر رہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے بین الاقوامی سفر کے فروغ کے لئے فرانس اور جرمنی سمیت 29 ممالک کے لئے یکطرفہ ویزا۔فری پالیسی نافذ کی ہے۔
وزارت خارجہ کے شعبہ قونصلر کے ایک عہدیدار ٹونگ شوئے جون نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں غیر ملکی تجارت کے فروغ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چین نے 25 ممالک کے ساتھ مکمل ویزا استثنیٰ حاصل کرلیا ہے۔
نومبر 2023 میں وزارت نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے عمومی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے یکم دسمبر 2023 سے یکطرفہ ویزا۔ فری داخلہ کے آزمائشی پروگرام کا اعلان کیا تھا۔
اس پالیسی کے تحت اہل افراد کو پیشگی ویزا کے لئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ چین میں داخل ہوکر کاروبار، سیاحت، خاندانی دوروں یا ٹرانزٹ کے لئے 15 دن تک قیام کرسکتے ہیں۔
چین نے آزمائشی پالیسی کو متعدد بار وسعت دی ہے۔
ٹونگ نے ویزا درخواست نمٹانے کا عمل آسان بنانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ویزا درخواست فارم کے لئے درکار اشیا میں 34 فیصد تک کمی کرکے کاغذی کارروائی کا وقت نمایاں طور پر کم کیا۔
ٹونگ نے کہا کہ چین نے اپنے تمام سفارت خانوں میں ویزا درخواست سے قبل وقت مختص کروانے کی ضرورت کو بھی ختم کر دیا ہے، فنگر پرنٹ دینے کے استثنٰی کو بڑھایا ہے، اور ویزا فیس میں 25 فیصد کمی کر دی ہے۔
