راولپنڈی انتظامیہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلئے متحرک ہوگئی، پورے شہر کو کنٹینرز لگا کربند کرنا شروع کردیا، اہم تنصیبات پر پولیس کمانڈوز تعینات کردئیے گئے ہیں،4 ہزارسے زائد پولیس اہلکارامن وامان برقراررکھنے کیلئے فرائض سرانجام دیں گے۔تفصیلات کے مطابق رولپنڈی انتظامیہ نے 24نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کی تیاری شروع کر دی ہے، راستوں کی بندش کیلئے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا د یئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ روڈ، فوارہ چوک، لیاقت روڈ، کمیٹی چوک، مریڑ چوک، راول چوک، شمس آباد، فیض آباد، چاندنی چوک، ڈبل روڈودیگر اہم مقامات کے اطراف رکھے گئے کنٹینرز 23 نومبر کی شام مطلوبہ مقامات پررکھ دیئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے 47مقامات کو سیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، جبکہ شہر کینٹ اور گرد نواح میں 34مقامات پر پولیس پکٹس قائم کی جائیں گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ساڑے 4ہزار سے زائد نفری 24نومبر کو امن وامان قائم رکھنے کیلئے ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ شہر کی اہم تنصیبات پر پولیس کمانڈوز تعینات کردئیے گئے ہیں۔راولپنڈی کے سینئر پولیس افسر کے مطابق شہر کی سیکیورٹی اور امن وامان کو قائم رکھنے کیلئے ہر ممکن حد تک انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں دفعہ 144کا نفاذ بھی کردیا گیا ہے، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ہر قسم کے جلسے،جلوس،ریلیوں اور4سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
