سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ مجھ پر پرویز الٰہی کے کئے کام ختم کرنے کیلئے بہت دباؤ ہے،پرویز خٹک کے بعد علی امین بھی وہی کر رہے،ریاست اپنی رٹ قائم کرے،کریمنل ایکٹ میں ملوث لوگوں کو سزا نہ دینا جرم ضعیفی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے ہم نے جو کہا وہ سچ ثابت ہوا، آج بھی تاکید کر رہے ہیں خدا کیلئے اس لڑائی کو مزید نہ بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے بعد اب علی امین گنڈاپور بھی وہی کر رہے ہیں، ریاست کو چاہئے کہ وہ اپنی رٹ قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ قاسم سوری نے خط لہرایا، عارف علوی نے اسمبلی توڑی یہ کریمنل ایکٹ تھا، واقعات میں لوگوں کو سزا نہ دینا جرم ضعیفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا حق حاکمیت لینا ہوگا، یہ ملک ججز کا بھی ہے، ہم بھی شہری ہیں، کب تک مفادات کے تابع اصولوں کا قتل ہو گا، اس پارلیمنٹ نے ترمیم کر کے آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر پرویز الٰہی کے کئے کام ختم کرنے کیلئے بہت دباؤ ہے۔
