چین ، جنوبی ہانگ کانگ میں بین الاقوامی تجارتی مرکز کو دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ کی حکومت کے سیکرٹری مالیات پاؤل چھن نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ اور مشرق وسطیٰ خطے کے درمیان مالیاتی ٹیکنالوجی میں تعاون ایک نیا سنگ میل عبور کرے گا۔
انہوں نے اپنے ایک بلاگ میں لکھا ہے کہ وہ مالیاتی اور اختراعی شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کاروباری وفد کے ساتھ پیر کے روز سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کر رہے ہیں۔
دورے میں وفد’ 8 ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو‘ میں شرکت کرے گا اور ہانگ کانگ کے مالیاتی و اختراعی شعبوں اور مشرق وسطیٰ میں متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون و دو طرفہ سرمایہ کاری سے متعلق متعدد سرگرمیوں کے ذریعے تبادلوں کو فروغ دے گا۔
چھن نے کہا کہ دورے کی ایک خاص بات سعودی ایکسچینج میں ہانگ کانگ اسٹاک انڈیکس کے ابتدائی 2 ایکسچینج۔ ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) کے اندارج میں شرکت کرنا ہے۔ دوسری خاص بات فریقین میں اختراع و ٹیکنالوجی میں تعاون تیز اور وسیع کرنا ہے۔
چھن اور وفد کے کچھ ارکان ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو‘ میں تقاریر اور مباحثوں میں شرکت کریں گے تاکہ ’سپر کنیکٹر‘ اور ’سپر ویلیو ایڈر‘ کی حیثیت سے ہانگ کانگ کو متعارف کرایا جاسکے۔ اس حوالے سے بھی بتا یا جائے گا کہ ہانگ کانگ مشرق وسطیٰ خطے اور عالمی جنوب کی ترقی میں کس طرح حصہ دار بنتے ہوئے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں فعال طریقہ سے شریک ہوسکتا ہے۔
