چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شین یانگ تاؤ شیان بین الاقوامی ہوائی اڈے پرمسافروں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔(شِنہوا)
شین یانگ (شِنہوا) چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے صدرمقام شین یانگ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دبئی کے درمیان ایک نئے فضائی روٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چائنہ سدرن ایئرلائنز کے مطابق اس روٹ پر ایئربس اے 330-300 طیارے کے ذریعے پرواز چلائی جائے گی جو ہر ہفتے کو صبح 8 بجکر 10 منٹ (بیجنگ وقت) پر شین یانگ تاؤ شیان بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوکر شام 7 بجکر 20 منٹ (مقامی وقت) پر دبئی میں اترے گی۔
چائنہ سدرن ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ کی ناردرن برانچ کے مطابق واپسی کی پرواز ہفتے کی شب 9 بجکر 20 منٹ (مقامی وقت) پر دبئی سے روانہ ہوگی اور اتوار کی دوپہر 1 بجکر 45 منٹ (بیجنگ وقت) پر شین یانگ پہنچے گی۔
ان میں سے ہر ایک پرواز چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں مختصر قیام کرے گی۔
برانچ کے ڈپٹی جنرل منیجر وانگ شیاؤہوئی نے بتایا کہ افتتاحی پرواز کے 80 فیصد ٹکٹ ان مسافروں کو فروخت کئے گئے جو کاروبار، تعلیم، کام، خاندانی دوروں اور سیاحت سمیت دیگر مقاصد کے لئے سفر کر رہے ہیں۔
رواں سال چین۔ یواے ای سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے شہریوں کے لئے ویزا فری پا لیسی اختیار ہے۔
لیاؤننگ نے مشرق وسطیٰ کے ساتھ اجناس کی تجارت، تیل ، گیس اور سائنس و ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعلقات قائم کئے ہیں۔
