چین کے شمالی شہر تیانجن کے ضلع جی ژو کے قصبے شیا یِنگ میں رضاکار عارضی پناہ گاہ میں تبدیل کئے گئے ایک سکول میں آفات سے بچاؤ کا امدادی سامان پہنچارہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں چین کے بعض حصوں میں آنے والے سیلاب اور ارضیاتی آفات کے خلاف جدوجہد میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے سیلاب سے نمٹنے اور آفات سے بچاؤ کے کام سے متعلق ایک اہم ہدایت جاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ یا پھنسے ہوئے افراد کی تلاش اور بچاؤ کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل اور دوبارہ آباد کیا جائے تاکہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔
صدر نے حکام پر زور دیا کہ وہ بدترین اور ہنگامی حالات کے لئے پہلے سے منصوبہ بنائیں، ہر کسی کی ذمہ داریاں واضح کریں، سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات احتیاط سے نافذ کریں، کمزور اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی اور مضبوطی کو یقینی بنائیں اور سائنسی اندازوں کی بنیاد پر امدادی کارکنوں اور سامان کی موزوں تقسیم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی ردعمل کو ممکنہ حد تک جلدی فعال اور نافذ کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کی جان اور مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
حالیہ دنوں میں مشرقی، شمالی اور شمال مشرقی چین میں مسلسل شدید بارشیں ہو رہی ہیں جن کے نتیجے میں سیلاب اور زمینی کٹاؤ جیسے خطرات پیدا ہوئے ہیں، جن کے باعث بیجنگ، ہیبے، جِی لِن اور شان ڈونگ میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
وزیراعظم لی چھیانگ نے سیلاب سے نمٹنے کے قومی سطح کے اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کو ان خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانے میں مدد دیں۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن لی چھیانگ نے شدید موسمی حالات کی موثر نگرانی، دریاؤں اور آبی ذخائر کے پشتوں کا معائنہ اور جائزہ مضبوط بنانے اور شہری علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے خطرات کی بہتر نشاندہی پر بھی زور دیا ہے۔
