اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلشمالی غزہ میں فضاسے امداد گرانے کا عمل دوبارہ شروع،ذرائع

شمالی غزہ میں فضاسے امداد گرانے کا عمل دوبارہ شروع،ذرائع

غزہ شہر پر ہوائی جہاز کے ذریعے انسانی امداد گرائی جارہی ہے-(شِنہوا)

غزہ/یروشلم(شِنہوا)فلسطینی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی کے مختلف مقامات پرفضاسے امدادی سامان گرانے کا عمل  دوبارہ شروع ہوگیا کیونکہ علاقے میں انسانی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

مقامی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ شمالی غزہ کے صُدانیہ علاقے میں آٹے، چینی اور ڈبوں میں بند اشیاء کے کئی تھیلے پیراشوٹ کے ذریعے گرائے گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق شمالی غزہ میں امدادی سامان کا ایک پارسل ایک خیمے پر گرا جہاں بے گھر افراد مقیم تھے جس سے چند افراد معمولی زخمی ہوئے۔

دریں اثنا اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں فضا سے امدادی سامان گرانے کا عمل رات کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فضا سے گرائے جانے والے امدادی سامان میں آٹا، چینی اور ڈبوں میں بند خوراک شامل ہے، جو بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی غزہ میں اقوام متحدہ کے قافلوں کی حفاظت کے لئے مخصوص انسانی راہداریوں کے قیام کے منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں فضاسے انسانی امداد گرانے کا عمل فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کئے گئے ایک پیغام میں یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ یو اے ای کی امدادی کوششیں زمین، فضا اور سمندری راستوں سے جاری رہیں گی تاکہ غزہ کے سب سے زیادہ متاثرہ لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

فضا سے امداد گرانے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے غزہ میں بھوک کی صورتحال خراب ہونے سے خبردار کیا جہاں مارچ سے اسرائیل نے تمام سرحدیں بند کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے بنیادی ضروریات تک رسائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!