ملتان:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ شرح سود کم، روپیہ مستحکم ہونے سے کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا، ایک سال میں بجلی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی، بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے،پنجاب حکومت کا دیا گیا ریلیف عوام تک پہنچائینگے، ایک یونٹ کی غلطی بھی ناقابل برداشت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے، عام آدمی بھی سسٹم میں کسی کام کیلئے کال کرے گا تو اسے جلد رسپانس ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چوری ریاست اور عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے، کوشش ہے رواں سال چوری کے نقصانات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹرکو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے،میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہے اسے ختم کرنا ہدف ہے، بجلی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 45 ارب روپے سے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے جسے عوام تک پہنچائیں گے، بجلی کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک یونٹ کی غلطی بھی قابل برداشت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا جس سے ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے جیسے فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے، اسی طرح کا میٹر بھی ملنا چاہئے، منصوبہ زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں سندھ اور بلوچستان کی کمپنیز کا بھی دورہ کروں گا۔
