پاکستان اور قطر نے تجارت، سرمایہ کاری و صنعتی تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ جبکہ متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا، فریقین نے پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیا اور ویلیو ایڈڈ اشیا کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری و صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں اطراف نے رمضان المبارک کے دوران پاکستان قطر کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




