چین کے طیارہ بردار بحری جہاز فوجیان کے اڑان بھرنے اور اترنے کے حصے پر کیریئر بیسڈ ہوائی جہاز جے-15ٹی، جے-35 اور کانگ جنگ-600 نظر آرہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ کیریئر بیسڈ طیارے جے-15ٹی، جے-35 اور کانگ جنگ-600 نے طیارہ بردار جہاز فوجیان پر برقی مقناطیسی کیٹاپلٹ کی مدد سے کامیابی کے ساتھ ٹیک آف اور لینڈنگ کی اپنی پہلی آزمائش کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔
یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ چین کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ کیٹا پلٹ سے لیس ایئرکرافٹ کیریئر اب الیکٹرو میگنیٹک کیٹا پلٹ لانچ اور ریکوری کی مکمل صلاحیت حاصل کر چکا ہے، جو چین کے ایئرکرافٹ کیریئرز کی ترقی میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔
جے-15ٹی، جے-35 اور کانگ جنگ600 کی نمائش 3 ستمبر کو چین کی ایک بڑی فوجی پریڈ کے دوران بھی کی گئی تھی جو جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔
بحریہ کے مطابق ان تربیتی مشقوں نے چین کے مقامی طور پر تیار کردہ برقی مقناطیسی کیٹاپلٹ اور لینڈنگ سسٹم کی مختلف قسم کے طیاروں کے ساتھ بہترین مطابقت کی تصدیق کر دی ہے۔
بحریہ نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فوجیان نے ابتدائی مکمل فلائٹ ڈیک آپریشنل صلاحیت حاصل کر لی ہےجس سے مختلف قسم کے کیریئر بیسڈ ہوائی جہازوں کو بحری جہاز کے دستے میں شامل ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔
