چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ کے شہر یابولی میں 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں میں مردوں کے بیاتھلون ریلے مقابلے کے بعد (دائیں سے بائیں جانب ) چین کے ووہانتو، یان شنگ یوان، گو چھانگ اور ہو وئی یاؤ کا گروپ فوٹو-(شِنہوا)
ہاربن(شِنہوا)نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کا میزبان شہر ہاربن سرمائی کھیلوں کا عالمی معیار کا ایک تربیتی مرکز قائم کر رہا ہے جس کا مقصد ایشیا بھر میں موسم سرما کے کھیلوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) نے فروری میں ہاربن میں منعقدہ ایشیائی سرمائی کھیلوں کے کامیاب انعقاد کی تعریف کی اور ہاربن کے برف کے مقامات اور یابولی کی برف کی سہولیات کو ایک اہم تربیتی مرکز کے طور پر نامزد کرنے کی تجویز پیش کی۔ او سی اے نے چینی اولمپک کمیٹی اور ہاربن کی بلدیاتی حکومت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تجویز دی۔
اس مفاہمت نامے پر 12 مئی کو کویت میں 45 ویں او سی اے جنرل اسمبلی کے دوسرے دن باضابطہ طور پر دستخط کئے گئے تھے۔
ہاربن سٹی کے ڈپٹی میئر ژانگ ہائی ہوا نے کہا کہ ایشین سرمائی کھیلوں کی کامیابی نے ہاربن کے لوگوں میں کاروباری جوش و خروش کو بہت زیادہ فروغ دیا ہے۔ فی الحال ہمارا شہر اولمپک کونسل آف ایشیا کے ساتھ مشترکہ تعاون سے پورے ایشیا کے کھلاڑیوں کے لئے موسم سرما کے کھیلوں کے تربیتی مرکز کی اعلیٰ معیار کی ترقی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
او سی اے کے ڈائریکٹر جنرل حسین المسَلم نے ایم او یو کا خیر مقدم کیا کہ یہ موسم سرما کے کھیلوں میں ایشیا میں کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس معاہدے پر عملدرآمد ہو اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔
مرکز کے افتتاحی پروگراموں میں او سی اے- آئی ایس یو فگر سکیٹنگ یوتھ تربیتی کیمپ شامل ہوگا جو اگست 2025 میں ہاربن میں منعقد ہوگا۔
