انڈر 19 ایشیاء کپ کے فائنل میں بھارت کو دھول چٹانے والی پاکستان کی فاتح اور عالمی چیمپئین انڈر 19 کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر نوجوان شاہینوں کا شاندار، پرجوش اور یادگار استقبال کیا گیا، ایئر پورٹ کے باہر شائقین نے فاتح ٹیم کا ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے استقبال کیا۔
قومی ٹیم کو وطن واپس لانیوالی پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 212 تکنیکی تاخیر کا شکار رہی اور مقررہ وقت رات 12بجکر 30منٹ کے بجائے 1بجکر 15منٹ پر نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کی۔
ٹیم کی آمد سے قبل ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز، ڈی آئی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز جمیل ظفر سمیت دیگر افسران نے سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کی، ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، طیارہ جب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا، ایئرپورٹ پر نوجوان شاہینوں کے پرتپاک استقبال کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے، شائقین ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور قومی ہیروز کے حق میں نعرے لگاتے رہے، قومی ٹیم کے ایئرپورٹ پہنچنے پر کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ شہریوں نے بھرپور انداز میں فاتح کھلاڑیوں کا استقبال کیا، ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر فضا جشن میں بدل گئی اور ہر طرف خوشی اور فخر کا اظہار کیا جاتا رہا۔




