چین کے وسطی صوبے ہونان کی لونگ شان کاؤنٹی میں رہائشی صاف پانی کی فراہمی کے عارضی سٹیشن سے پانی لینے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں-(شِنہوا)
چھانگشا(شِنہوا)صوبائی ایمرجنسی مینجمنٹ کمیشن کا کہنا ہے کہ چین کے وسطی صوبے ہونان میں جاری شدید بارشوں کے باعث شیانگ شی توجیا اور میاؤ خودمختار پریفیکچر، ژانگ جیا جے، چھانگ دے اور ہوائی ہوا کے علاقوں سے اب تک 53 ہزار سے زائد رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی موسمیاتی محکمے کے مطابق آئندہ 3 دنوں کے دوران شیانگ شی توجیا اور میاؤ خودمختار پریفیکچر، ہوائی ہوا، ژانگ جیا جے، چھانگ دے اور یی یانگ کے بعض علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خزانہ اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے صوبائی محکموں نے فوری طور پر 3کروڑ یوآن (تقریباً 41 لاکھ 80ہزار امریکی ڈالر) کی امدادی رقم مختص کی ہے، جس کا زیادہ تر حصہ چھانگ دے، ژانگ جیا جے اور شیانگ شی توجیا اور میاؤ خودمختار پریفیکچر میں انخلا، بحالی اور ہنگامی اقدامات پر خرچ کیا جائے گا۔
صوبائی ایمرجنسی مینجمنٹ کمیشن کے دفتر نے 6 گاڑیوں پر مشتمل ایک 27 رکنی رابطہ ٹیم تعینات کی ہے۔ یہ ٹیم 100 سے زائد ہنگامی مواصلاتی آلات اور 3 ڈرونز کے ساتھ شی مین، لونگ شان، سانگ ژی اور یوان لِنگ کاؤنٹیز میں بھیجی گئی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں رابطے کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ متاثرہ علاقوں میں مزید 2 ٹیمیں مقامی امدادی سرگرمیوں اور نقصان کے جائزے کے لئے روانہ کی گئی ہیں۔
چائنہ نیشنل فائر اینڈ ریسکیو ایڈمنسٹریشن نے بھی سانگ ژی اور لونگ شان میں ہنگامی اقدامات کے لئے 230 اہلکار اور 43 ریسکیو گاڑیاں تعینات کی ہیں۔ ہونان بھر سے آگ بجھانے والے 280 اہلکار، آگ بجھانے والے 78 ٹرک اور 40 امدادی کشتیوں کو ژانگ جیا جے، شیانگ شی توجیا اور میاؤخودمختارپروفیکچر میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ سیلابی صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔
موسم کی شدت کے پیش نظر ریلوے کے سفر کومحفوظ بنانے کے لئے گوانگ ژو ریلوے گروپ نے صوبے میں چھونگ چھنگ-شیامن تیزرفتار ریلوے کی بعض ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی ہے۔
بدھ کی رات سے ژانگ جیا جے، شیانگ شی توجیا اور میاؤ خودمختار پریفیکچر، چھانگ دے، ہوائی ہوا، یی یانگ اور شاؤ یانگ شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں، جہاں بعض علاقوں میں غیرمعمولی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ خاص طور پر سانگ ژی اور لونگ شان کاؤنٹیز میں 400 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
