زمبابوے میں چین کے سفیر ژو ڈنگ زمبابوے کے مشرقی صوبے میشونالینڈ کے شہر ماہوسیکوا میں چین کے تعاون سے بور ہولز کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں زمبابوے کے حکام کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے۔(شِنہوا)
ہرارے(شِنہوا)چین نے زمبابوے کے مشرقی صوبے میشونا لینڈ میں لوگوں کو 66 بور ہولز حوالے کئے جس سے 16 ہزار 500 افراد کو صاف پانی تک رسائی حاصل ہوگی۔
چائنہ جیو انجینئرنگ کارپوریشن کے مکمل کئے گئے بور ہولز زمبابوے کے 4 صوبوں کے لئے 300 بور ہولز کی کھدائی کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
زمبابوے کے وزیر بلدیات و تعمیرات ڈینیل گاروے نے حوالگی کی تقریب کے دوران کہا کہ یہ بورہولز نہ صرف متاثرہ افراد کو محفوظ پانی فراہم کریں گے بلکہ مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ بورہولز غذائی باغات کے لئے معاون ہوں گے اور مویشیوں کو ضروری پانی فراہم کرنے کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔
گاروے نے کہا کہ مشرقی میشونالینڈ صوبے میں کھودے گئے 66 بور ہولز سے 3 اضلاع میں تقریباً 16 ہزار 500 افراد پر مشتمل آبادی کو فائدہ ہوگا۔ اس اقدام سے لوگوں کو پینے اور صفائی کے لئے صاف پانی کا ایک قابل اعتماد ذریعہ میسر آنےسے ان پر دیرپا اثر پڑےگا۔
گاروے نے کہا کہ یہ منصوبہ تمام افراد کی محفوظ پانی تک رسائی کے لئے ہمارے سدا بہاردوست عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے تعاون، ہمدردی اور غیر متزلزل حمایت کی علامت کا اظہار ہے۔ آئیے ہم اس قیمتی وسیلے کی حفاظت کے لئے مل کر کام کریں اور یقینی بنائیں کہ یہ مستقبل کی نسلوں کے لئے فائدہ مند ہو۔
زمبابوے میں چینی سفارتخانے میں معاشی و تجارتی قونصلر ہوانگ منگ ہائی نے کہا کہ یہ اقدام چین۔زمبابوے دوستی کی مضبوطی، پانی کی کمی اور قحط کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
