وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انوویشن پر مبنی ترقی و خود انحصاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، بائیومیڈیسن اور ایڈوانسڈ میٹریلز میں ابھرتی ٹیکنالوجیز پر کام جاری ہے، منصوبوں کا مقصد قدرتی وسائل میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ویلیو ایڈیشن و معاشی ترقی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کو وزیراعلی ہائوس خیبرپختونخوا میں ہائی اینڈ ٹیکنالوجی اور پروڈکٹ ڈویلپمنٹ نمائش کا انعقاد ہوا جس میں ہیپاٹائٹس بی اور سی، ایچ آئی وی ودیگر بیماریوں کیلئے مقامی پی سی آر کٹس، کان کنی کیلئے دھماکہ خیز مواد کے متبادل کے طور پر لیکوئیڈ آکسیجن کے استعمال، جدید الیکٹرو سرجیکل آلات اور طلبہ کیلئے ای سٹڈی کارڈ سسٹم کی نمائش کی گئی۔
وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انوویشن پر مبنی ترقی اور خود انحصاری کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، منصوبوں کا مقصد قدرتی وسائل میں ٹیکنالوجی کے ذریعے ویلیو ایڈیشن اور معاشی ترقی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت بائیومیڈیسن اور ایڈوانسڈ میٹریلز میں ابھرتی ٹیکنالوجیز پر کام کر رہی ہے، آج مصنوعی جلد کی تیاری کا پاکستان کا پہلا منصوبہ پیش کیا گیا، برن کیئر کیلئے مصنوعی جلد پاک آسٹریا فخہ شولے یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کی گئی، پی سی آر کٹس کا منصوبہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ای اسٹڈی کارڈ کے ذریعے طلباء کو ای بکس، جدید فیچرز اور اے آئی ٹیوٹرز کی سہولت میسر ہوگی جبکہ ای رکشہ منصوبے کے تحت الیکٹرک رکشوں کی تیاری سے فیول انحصار میں کمی ممکن ہوگی۔



