برسلز: چین اور یورپی یونین نے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کی اینٹی سبسڈی تحقیقات سے متعلق "جامع، تفصیلی اور بامقصد ” مشاورت کی ہے۔
چینی وزارت تجارت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق چینی وزیر تجارت وانگ وین تاؤ اور یورپی کمیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر اور ٹریڈ کمشنر ویلڈس ڈومبروسکس کے درمیان ملاقات میں فریقین نے مشاورت کے ذریعے اختلافات دور کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے قیمتوں سے متعلق بات چیت آگے بڑھانے اور دوستانہ ماحول میں بات چیت و مشاورت سے باہمی طور پر قابل قبول حل نکالنے پر اتفاق کیا۔
وزارت تجارت نے کہا کہ یورپی کمیشن نے یورپی یونین کی صنعتوں کی باضابطہ شکایت کے بغیر اینٹی سبسڈی تحقیقات شروع کیں جبکہ اس حوالے سے فیصلہ "غیر موافق ، غیر معقول اور غیر منصفانہ” تھا۔
وزارت نے کہا ہے کہ اگرچہ چین فیصلے کو قبول نہیں کرتا تاہم اس نے انتہائی خلوص کو مسلسل برقرار رکھتے ہوئے بات چیت اور مشاورت سے اس تنازع کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ چینی صنعت نے تحقیقات کے دوران قیمتوں کے تعین کی تجویز دی اور یورپی یونین کے خدشات کی بنیاد پر اسے مزید بہتر بنایا جبکہ چین نے اس ضمن میں انتہائی لچک اور خلوص کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
