لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے غیر قانونی موبائل سمز کی روک تھام کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دیدیا ہے۔
عدالت نے یہ احکامات غیر قانونی سمز فروخت کرنے کے مقدمہ میں ملزم محمد عثمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران دئیے۔
سماعت کے دوران عدالتی حکم پر ڈی جی پی ٹی اے، ڈائریکٹر لیگل پی ٹی اے سمیت دیگر افسران جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل خادم حسین پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، ملزم گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہے اور ضمانت اسکا قانونی حق ہے لہٰذا بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے کہ ملک کو دہشتگردی کا سامنا رہا ہے اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ایسا نہ ہو کہ غیر قانونی سمز دہشتگردی میں استعمال ہو جائیں، عدالت میں غیر قانونی سمز کی روک تھام سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
عدالت نے پی ٹی اے کو غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اور رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی، ملزم کیخلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔




