وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اشتہاری شعبے میں اے آئی کے بڑھتے استعمال سے تخلیقی شعبوں میں روزگار کے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کا پالیسی سطح پر حل ضروری ہے، تخلیقی پیشہ ور افراد کے تحفظ و روزگار کے تسلسل کیلئے قابل عمل تجاویز جلد جی جائیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطاء تارڑ نے کہا کہ اشتہاری شعبے میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال سے تخلیقی شعبوں میں روزگار کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
کانٹینٹ کرئیٹرز، گرافک ڈیزائنر،ایڈیٹرز، کریئیٹو ڈائریکٹرز، اداکار، اداکارائیں، ماڈلز اور ٹیکنیشنز، کیمرا مین سمیت تخلیقی افرادی قوت کو متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مسئلے کا پالیسی سطح پر حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کو اپنانے کیساتھ انسانی تخلیقی صلاحیتوں کے تحفظ کیلئے واضح فریم ورک و پیشہ ورانہ اپ سکیلنگ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تخلیقی پیشہ ور افراد کے تحفظ اور روزگار کے تسلسل کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔
اشتہارات و میڈیا سے وابستہ تخلیقی طبقہ چیلنج سے نمٹنے و تخلیقی صنعت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی تجاویز pio@pid.gov.pkپر ارسال کرے تاکہ موثر حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ و روزگار مواقع برقرار رکھنے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں اقدامات کرے گی۔



