وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس استعمال کرنیوالی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون کی ہدایت کرتے ہوئے روٹ پرمٹس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
جاری بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ بعض ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کے فزیکل معائنے سے بچنے کیلئے ایجنٹس کے ذریعے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس حاصل کر رہے تھے، جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس نہ صرف قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی تحفظ کیلئے بھی بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت ٹرانسپورٹ نظام کو محفوظ، شفاف اور قانون کے مطابق بنانے کیلئے پرعزم ہے، جو غیر قانونی عمل میں ملوث پایا گیا، چاہے وہ ٹرانسپورٹر ہو یا ایجنٹ، اس کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
شرجیل میمن نے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس استعمال کرنیوالی گاڑیوں کا ریکارڈ محکمہ کی لائیو پورٹل پر اپ ڈیٹ ،مقدمات درج کر کے سیکرٹری پی ٹی اے کو 3 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔



