چین اور مالٹا کے نمائندے مالٹا کے شہر پاؤلا میں جیانگسو میڈیکل کالج ژینگ حہ انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کے بعد مصافحہ کررہے ہیں۔(شِنہوا)
ویلٹا (شِنہوا) روایتی چینی ادویات(ٹی سی ایم)کی مہارتوں کی تربیت کے لئے ایک معاون تعلیمی ادارے نے پاؤلا میں کام شروع کردیا ہے جو کہ چین ۔ مالٹا ٹی سی ایم تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس نئے ادارے کا نام جیانگسو میڈیکل کالج ژینگ حہ انسٹی ٹیوٹ رکھا گیا ہے اور یہ مالٹا کالج آف آرٹس، سائنس، اینڈ ٹیکنالوجی(ایم سی اے ایس ٹی )اور چین کے مشرقی خطے میں واقع جیانگسو ووکیشنل کالج آف میڈیسن (جے ایس ایم سی) کی مشترکہ کوشش ہے۔
یہ ادارہ ایم سی اے ایس ٹی کے کیمپس میں قائم کیا گیا ہے اور یہ ژینگ حہ ٹی سی ایم تعلیمی مرکز کے نئے نام سے کھولا گیا جس نے گزشتہ برس نومبر میں کام شروع کیا تھا۔
افتتاحی تقریب کے دوران تعاون کے 2معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔ ایک معاہدہ ایم سی اے ایس ٹی سینٹر کے قیام سے متعلق تھا جو چین میں جے ایس ایم سی کے کیمپس میں قائم ہوگا جبکہ دوسرا معاہد ایم سی اے ایس ٹی، جے ایس ایم سی، اور بحیرہ روم علاقائی مرکز برائے روایتی چینی ادویات (ایم آر سی ٹی سی ایم) کے درمیان ایک سہ فریقی شراکت داری کے بارے میں ہے جس کا مقصد ژینگ حہ انسٹی ٹیوٹ کا مزید فروغ ہے۔
ایم سی اے ایس ٹی کے پرنسپل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیفن ویلا نے ادارے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایم سی اے ایس ٹی کے نصاب کو مزید بہتر بناکر تمام شرکاء کے تعلیمی تجربے میں اضافہ کرے گا۔
جے ایس ایم سی کے صدر ین ژونگ یونگ نے ان معاہدوں کو چین۔ مالٹا ٹی سی ایم تعاون اور تبادلے کو گہرا کرنے میں اہم قدم قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ٹی سی ایم تعاون کے لیے 40 سے زیادہ ممالک، علاقائی حکام اور عالمی اداروں سے معاہدے کئے ہیں۔
