لاہور: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، سیاسی جماعتوں میں اختلافات کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا فروغ ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان گفت وشنید انتہائی ضروری ہے، خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں، بھارت ایک انتہا پسند ریاست ہے، بھارت خطے کا امن اوراستحکام خراب کرنا چاہتا ہے۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ امریکی صدر نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کررہی ہے، امن کا قیام پائیدارترقی اورخوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے دوران ہمارے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردارادا کیا، بھارتی جارحیت کیخلاف دوست ملکوں نے پاکستانی موقف کی بھرپورحمایت کی، بھارتی جارحیت کیخلاف سفارتی محاذ پربھی کامیابی حاصل ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات کیخاتمے کے لیے ڈائیلاگ کو فروغ دینا ہوگا، ملکی خود مختاری اور سلامتی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
